خبر:
کوئٹہ (انتخاب نیوز) — حکومتِ بلوچستان نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کوئٹہ میں موبائل انٹرنیٹ ڈیٹا سروس 24 گھنٹے کے لیے معطل کر دی ہے۔ محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انٹرنیٹ بندش کا مقصد امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا ہے۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ موبائل فون ڈیٹا سروس آج رات 12 بجے تک بند رہے گی۔ اس بندش کے باعث طلباء، کاروباری افراد اور آن لائن خدمات انجام دینے والے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
شہریوں نے بار بار ہونے والی انٹرنیٹ معطلی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو ایسے مواقع پر متبادل انتظامات کرنے چاہئیں تاکہ روزمرہ کے کام متاثر نہ ہوں۔
محکمہ داخلہ نے واضح کیا کہ یہ اقدام احتیاطی تدابیر کے طور پر اٹھایا گیا ہے تاکہ امن و امان برقرار رکھا جا سکے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔







