کوئٹہ (نیوز ڈیسک)
بلوچستان ہائی کورٹ نے ایک جوڑے کے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے اہم احکامات جاری کر دیے ہیں۔
چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ، جناب جسٹس روزی خان بڑیچ نے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کا از خود نوٹس لیتے ہوئے، واقعے کو سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ عدالت نے اس معاملے پر انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ بلوچستان کو فوری طور پر طلب کر لیا ہے۔
عدالتی حکم کے مطابق، تمام متعلقہ حکام کو 22 جولائی 2025 کو عدالت عالیہ بلوچستان کے روبرو پیش ہو کر اس افسوسناک واقعے پر وضاحت دینے کا پابند کیا گیا ہے۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی جس میں ایک نوجوان لڑکی اور لڑکے کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر فائرنگ کر کے قتل کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ واقعے کے بعد سول سوسائٹی، انسانی حقوق کے کارکنان اور سوشل میڈیا صارفین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ سطحی تحقیقات اور ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔
عدالت کا یہ اقدام متاثرہ خاندانوں کے لیے امید کی کرن کے طور پر دیکھا جا رہا ہے اور یہ بلوچستان میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے