ویب ڈیسک
اسلام آباد: وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بھارت کی جانب سے پھیلائی جانے والی جھوٹی خبروں کو سختی سے مسترد کر دیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان کے 15 مقامات پر مبینہ حملوں کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب پاکستان کارروائی کرے گا تو اس کے اثرات صرف نظر ہی نہیں آئیں گے، بلکہ دنیا بھر میں اس کی گونج سنی جائے گی۔ اُن کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا سچ چھپا نہیں سکے گا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں بھارت کے کئی مسلح ڈرونز نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی اور لاہور میں حساس فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ انہوں نے بھارت کے ان دعووں کو “سفید جھوٹ” قرار دیا کہ پاکستان نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی علاقوں پر حملے کیے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر ہر ممکن تدبر سے کام لے رہا ہے۔ پاکستان نے بھارتی پنجاب میں کسی شہری علاقے کو نشانہ نہیں بنایا۔ اسحاق ڈار نے باور کرایا کہ پاکستانی افواج کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
انہوں نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پر حملے کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ بھارت نے پاکستانی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالا۔
وزیر خارجہ نے قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو پاکستان کھلی جنگ کے اعلان کے طور پر لے گا۔