کوئٹہ – فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے کوئٹہ میں کامیاب آپریشن کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹ سمیت چار افغان شہریوں کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ایجنٹ کی شناخت امان اللہ کے نام سے ہوئی ہے، جس کے موبائل فون سے انسانی اسمگلنگ کے شواہد اور ریکارڈ برآمد ہوا ہے۔ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ملزم بدنام زمانہ اسمگلر نجیب اللہ کے ساتھ رابطے میں تھا۔
کارروائی کے دوران افغان شہری تاج علی کے قبضے سے پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھی برآمد کیے گئے، جو مبینہ طور پر جعل سازی سے حاصل کیے گئے تھے۔ اس کے موبائل سے افغان تذکرہ بھی ملا ہے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان غیر قانونی طور پر افغان شہریوں کو بیرون ملک بھیجنے میں سرگرم تھے۔ مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے جبکہ دیگر سہولت کاروں اور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے نے عزم ظاہر کیا ہے کہ انسانی اسمگلنگ جیسے سنگین جرائم کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔







