منان مندوخیل
کوئٹہ:
بلوچستان میں محکمہ صحت کے ڈاکٹروں کے دیرینہ مسائل کے حل کی جانب ایک بڑا قدم اٹھایا گیا ہے۔ صوبائی حکومت نے برسوں سے زیر التواء ترقیوں کے معاملات نمٹاتے ہوئے 1269 ڈاکٹروں کو ایک ساتھ اگلے گریڈ میں ترقی دینے کا تاریخی فیصلہ کیا ہے۔
صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کے مطابق، یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر منعقدہ خصوصی محکمانہ پروموشن بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت چیف سیکرٹری بلوچستان نے کی، جس میں ترقیوں کا عمل شفاف طریقے سے مکمل کیا گیا۔
وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے بتایا کہ پہلی بار اے سی آر (ACR) ریلیکس کرتے ہوئے ڈاکٹروں کو اجتماعی طور پر پروموشن دینے کا فیصلہ کیا گیا، جو محکمہ صحت کی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق:
ٹیچنگ کیڈر کے 48 ڈاکٹروں کو گریڈ 20، 58 کو گریڈ 19 اور 41 کو گریڈ 18 میں ترقی دی گئی۔
جنرل کیڈر کے 627 میڈیکل آفیسرز کو سینئر میڈیکل آفیسرز کے عہدے پر ترقی دی گئی۔
150 لیڈی میڈیکل آفیسرز کو سینئر لیڈی میڈیکل آفیسرز اور 37 ڈینٹل سرجنز کو سینئر ڈینٹل سرجنز کے عہدے پر ترقی ملی۔
134 ڈاکٹروں کو چیف میڈیکل آفیسرز کے عہدے پر فائز کیا گیا۔
محکمہ صحت میں تعینات نرسوں کو بھی پروموشن دے دی گئی۔
وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ ترقیوں کے بعد خالی ہونے والی آسامیوں پر جلد بھرتی کا عمل شروع کیا جائے گا، جس سے صوبے کے دور دراز علاقوں میں ڈاکٹروں کی کمی پوری ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے اصلاحاتی وژن کا تسلسل ہے، جس کا مقصد عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور ایک شفاف، فعال ہیلتھ کیئر نظام کو فروغ دینا ہے۔







