تعلیم
اسلام آباد: Higher Education Commission (ایچ ای سی پاکستان) نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے ملک بھر کی تمام سرکاری اور نجی جامعات میں انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ ڈگری پروگرامز کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی تین کریڈٹ آورز کا کورس لازمی قرار دے دیا ہے۔ یہ فیصلہ تعلیمی سال 2026 سے نافذ العمل ہوگا۔
ایچ ای سی کے مطابق یہ ہدایت تمام پبلک اور پرائیویٹ ہائر ایجوکیشن اداروں پر لاگو ہوگی اور جامعات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے اپنے نصاب میں لازمی اے آئی کورس شامل کریں تاکہ 2026 کے تعلیمی سیشن سے اس پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
کمیشن نے واضح کیا کہ ہر انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ ڈگری پروگرام، خواہ اس کا تعلق کسی بھی شعبے سے ہو، تین کریڈٹ آورز پر مشتمل اے آئی کورس کو اپنے ڈگری تقاضوں میں شامل کرے گا۔ اس اقدام کا مقصد طلبہ کو مصنوعی ذہانت کے بنیادی تصورات سے آگاہ کرنا اور انہیں تیزی سے بدلتی ڈیجیٹل معیشت کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
ایچ ای سی کا کہنا ہے کہ اے آئی تعلیم، صحت، کاروبار، صنعت اور طرز حکمرانی سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں تبدیلیاں لا رہی ہے۔ اس لیے طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یہ فیصلہ ملکی اعلیٰ تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔







