نیوز ڈیسک
کوئٹہ/پشاور: بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید برفانی موسم کے پیش نظر پاک فوج نے بروقت اور مؤثر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔ خراب موسمی حالات کے باوجود پاک فوج امدادی سرگرمیوں میں مسلسل مصروف عمل ہے اور عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔
شدید برفباری کے باعث ہوسری، زیارت، بولان، ژوب، قلعہ سیف اللہ، خوجک ٹاپ، لک پاس، دکی، کولپور اور مسلم باغ میں پاک فوج نے کنٹرول سینٹرز قائم کر دیے ہیں۔ پاک فوج کے جوان اور ریسکیو ٹیمیں برف میں پھنسے مقامی افراد اور سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہیں۔
ریسکیو کیے گئے افراد کو خوراک، طبی امداد اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ پاک فوج کا کہنا ہے کہ وہ شدید موسمی حالات میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
دوسری جانب ضلع کرم میں شدید بارشوں اور غیر معمولی برفباری کے باعث سیکیورٹی فورسز کی امدادی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ زمینی رابطوں کی بحالی کے لیے فوری ہنگامی ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، جس کے تحت بھاری مشینری اور افرادی قوت کو مؤثر انداز میں بروئے کار لایا گیا۔
تمام متاثرہ سڑکوں کو مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں اشیائے ضروریات کی فراہمی ممکن ہوئی اور مقامی افراد کو منڈیوں اور مراکز صحت تک دوبارہ رسائی حاصل ہوئی۔ پاک فوج کے جوانوں نے شاہراہوں سے برف ہٹا کر پھنسے ہوئے مسافروں اور گاڑیوں کو بحفاظت محفوظ مقامات تک پہنچایا۔
وادی تیراہ سمیت دشوار گزار علاقوں میں شدید برفباری کے باوجود پاک فوج کے افسران اور جوان ذاتی نگرانی میں امدادی سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں۔ بروقت ریسکیو آپریشنز پر مقامی شہریوں نے سیکیورٹی فورسز کی کاوشوں کو بھرپور سراہا۔
پاک فوج قدرتی آفات اور ہنگامی حالات میں عوام کی جان و مال کے تحفظ اور فوری امداد کے عزم پر ثابت قدم ہے۔







