منان مندوخیل
کوئٹہ میں ہزارہ کلچر ڈے جوش و خروش سے منایا گیا۔ اس موقع پر مختلف تقریبات، ثقافتی نمائشیں اور موسیقی کے پروگرام منعقد کیے گئے جن میں ہزارہ کمیونٹی کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔
ثقافتی دن کی تقریب میں حسین تورانی نے کوئٹہ وائس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "یہ دن ہماری ثقافت، شناخت اور روایات کو اجاگر کرنے کا ذریعہ ہے۔” انہوں نے کہا کہ ہزارہ کلچر ڈے منانے کا مقصد نوجوان نسل کو اپنی تاریخ، زبان اور روایات سے آگاہ کرنا ہے تاکہ وہ اپنی شناخت پر فخر محسوس کریں۔
مقررین کا کہنا تھا کہ ثقافت کسی بھی قوم کی پہچان ہوتی ہے اور اس کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ تقریب میں ہزارہ لباس، روایتی کھانے، دستکاری اور لوک موسیقی کو خصوصی طور پر پیش کیا گیا جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔
ہزارہ کلچر ڈے کے موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مختلف سٹالز سے لطف اندوز ہوئے۔ اس دن نے نہ صرف ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دیا بلکہ امن و محبت کا پیغام بھی عام کیا۔