ہرنائی (نمائندہ خصوصی) — طویل بندش کے بعد ہرنائی-سبی ریلوے سیکشن کو بحال کر دیا گیا ہے، جس پر گزشتہ روز ٹرائل ٹرین کامیابی سے ہرنائی اسٹیشن پہنچ گئی۔ ریلوے ذرائع کے مطابق 21 اپریل کو یہ ٹرین صبح روانہ ہوئی اور شام تقریباً پانچ بجے ہرنائی پہنچی۔
ریلوے ٹریک کی بحالی اور مرمت کے بعد علاقہ مکینوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ عوام نے صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد خان دمڑ اور فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان کی کوششوں کو سراہا، جنہوں نے اس منصوبے کی تکمیل میں بھرپور کردار ادا کیا۔
ٹرین کی آمد پر اسٹیشن پر کرنل ارباب خان (ایف سی 81 ونگ)، ایس پی ہرنائی عبدالحفیظ جھاکرانی، اور بڑی تعداد میں شہری موجود تھے جنہوں نے ٹرین کا پرجوش استقبال کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس 13 جولائی کو شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث ٹریک کو خاصا نقصان پہنچا تھا، جس کے باعث ٹرین سروس معطل ہو گئی تھی۔
محکمہ ریلوے کے عملے اور ایف سی کی نگرانی میں مرمتی کام مکمل ہونے کے بعد یہ ریلوے لائن ایک مرتبہ پھر فعال کر دی گئی ہے۔ ٹریک کی بحالی کے دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، اور آئندہ بھی ٹرین سروس کی حفاظت کے لیے ایف سی مکمل معاونت فراہم کرے گی۔
علاقائی سماجی اور کاروباری حلقوں نے اس پیش رفت کو سراہتے ہوئے وزیر خوراک، آئی جی ایف سی، اور لورالائی اسکاؤٹس کے کمانڈنٹ کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر حاجی نور محمد دمڑ نے اپنے بیان میں کہا کہ ریلوے سروس کی بحالی سے ہرنائی کے عوام کا ایک اہم دیرینہ مسئلہ حل ہو گیا ہے، اور جلد وفاقی وزیر ریلوے سے ملاقات کر کے ندی نالوں کے قریب حفاظتی دیواروں کی تعمیر پر بھی کام شروع کیا جائے گا۔