سٹاف رپورٹر
کوئٹہ بلوچستان حکومت کی جانب سے ایک خوش آئند اقدام کرتے ہوئے کوئٹہ کے معروف تفریحی مقام ہنہ اوڑک کو آج سے مکمل طور پر عوام اور سیاحوں کے لیے کھول دیا گیا ہے، جس سے شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں محدود تفریحی مقامات کے باعث ہنہ اوڑک واحد ایسی جگہ ہے جہاں فیملیز پُرامن اور خوشگوار لمحات گزار سکتی ہیں۔ عوامی رائے کے مطابق، اس فیصلے سے نہ صرف مقامی سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ اہلِ علاقہ کو تفریح کا ایک محفوظ اور خوبصورت مقام بھی میسر آئے گا۔
اس موقع پر عوامی حلقوں نے اے سی صدر، کیپٹن (ر) حمزہ انجم کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا، جن کی کاوشوں سے یہ ممکن ہوا کہ ہنہ اوڑک دوبارہ سیاحوں کے لیے کھولا جا سکا۔
حکام نے شہریوں سے گزارش کی ہے کہ وہ اس قدرتی مقام کی خوبصورتی برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں، صفائی کا خاص خیال رکھیں اور قواعد و ضوابط کی پاسداری کریں تاکہ سب اس سہولت سے خوشگوار انداز میں لطف اندوز ہو سکیں۔