ویب ڈیسک
اسلام آباد: پاکستان سے سال 2025 کا حج آپریشن باقاعدہ طور پر شروع ہو گیا ہے، جہاں قومی ایئرلائن پی آئی اے کی پہلی حج پرواز 442 عازمین کو لے کر اسلام آباد سے مدینہ منورہ روانہ ہو گئی۔
ابتدائی مرحلے میں حج پروازیں مدینہ منورہ کے لیے روانہ کی جائیں گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں پروازیں جدہ کے لیے چلائی جائیں گی۔ کوئٹہ سے پہلی حج پرواز صبح 10 بجے 170 عازمین کے ہمراہ روانہ ہونے کو تیار ہے، جبکہ رات 10 بجے لاہور سے 323 عازمین پر مشتمل ایک اور پرواز مدینہ کے لیے روانہ ہوگی۔
پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 31 مئی تک جاری رہے گا، جب کہ بعد از حج پروازیں 10 جون سے 10 جولائی کے درمیان واپس آئیں گی۔
اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹس پر ’روڈ ٹو مکہ‘ سہولت دستیاب ہے، جس کے تحت عازمین حج کی سعودی امیگریشن پاکستان میں ہی مکمل کی جائے گی، جس سے سفر کے دوران وقت کی بچت ہوگی اور سہولت میں اضافہ ہوگا۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کے مطابق رواں سال سرکاری اسکیم کے تحت 90 ہزار پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے۔ حکومت نے مختصر مدتی حج کے لیے 11 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ طویل مدتی حج کے لیے 10 لاکھ 50 ہزار روپے کا پیکج مقرر کیا ہے۔
وزیر مذہبی امور نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ رمضان المبارک سے قبل عازمین کی تربیت کا پہلا مرحلہ مکمل کیا جا چکا ہے اور سعودی عرب میں انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔