سید علی شاہ : کوئٹہ: ذرائع کے مطابق چین کی بندرگاہ سے 21 جدید بسیں روانہ کر دی گئی ہیں جن میں 16 گرین بسیں اور 5 پنک بسیں شامل ہیں، جو آئندہ 20 دنوں میں کوئٹہ پہنچ جائیں گی۔ محکمہ ٹرانسپورٹ بلوچستان کے مطابق یہ بسیں جلد ہی شہر کی سڑکوں پر رواں دواں ہوں گی اور عوام کو جدید اور معیاری سفری سہولت فراہم کریں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ خواتین مسافروں کے لئے مختص پنک بسیں ایک اہم اقدام ہے تاکہ خواتین کو محفوظ، سستا اور بہتر ٹرانسپورٹ فراہم کیا جا سکے۔ شہریوں کی جانب سے طویل عرصے سے مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ کوئٹہ میں عوامی ٹرانسپورٹ کا نظام بہتر بنایا جائے۔
یاد رہے کہ صوبائی حکومت نے رواں سال جون کے آخر تک گرین بس سروس شروع کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم تکنیکی مسائل اور علاقائی صورتحال کے باعث بسوں کی آمد میں تاخیر ہوئی۔ اب یہ بسیں جلد کوئٹہ پہنچنے کے بعد شہر میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے اور شہریوں کو آرام دہ اور قابل اعتماد سفری سہولت فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق یہ اقدام شہریوں کے لئے پائیدار اور جدید سفری سہولت کی فراہمی کے ساتھ ساتھ خواتین کے لئے خصوصی سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ ان بسوں کی آمد سے کوئٹہ کے عوامی ٹرانسپورٹ کے ڈھانچے میں نمایاں بہتری آئے گی۔