منان مندوخیل
کوئٹہ سرکاری ملازمین کے اتحاد "گرینڈ الائنس” نے صوبائی بجٹ سے قبل احتجاج موخر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ صوبائی وزراء کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد سامنے آیا، جس کا باضابطہ اعلان ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا گیا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرصحت بخت کاکڑ نے کہا کہ حکومت کو بجٹ سازی میں کئی مالی مشکلات کا سامنا ہوتا ہے، کیونکہ زیادہ تر بجٹ غیر ترقیاتی اخراجات میں صرف ہو جاتا ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے اور ملازمین کی جانب سے تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ جائز ہے۔
بخت کاکڑ نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملازمین کے حقوق کے لیے اقدامات کیے ہیں، اور اس بار بھی ان کے مسائل کو حل کرنے کی مکمل کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملازمین سے گزشتہ روز سے مسلسل مذاکرات جاری تھے، جو خوش اسلوبی سے مکمل ہوئے۔
اس موقع پر گرینڈ الائنس کے رہنما قدوس کاکڑ نے بتایا کہ ان کے اتحاد میں 40 سے زائد تنظیمیں شامل ہیں اور ملازمین کے مطالبات پر عمل درآمد کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے جو نوٹیفکیشن کے امور کی نگرانی کرے گی۔
صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ درانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ وفاقی بجٹ کے مطابق کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کی سنجیدہ کوشش کی ہے، اور وزیراعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے ایک مثبت قدم اٹھایا ہے۔
راحیلہ درانی نے زور دے کر کہا کہ "ہم سب ایک ہیں اور ہمارے مسائل بھی مشترکہ ہیں، جنہیں مل کر حل کیا جائے گا۔”