نمائندہ خصوصی :

کوئٹہ: بولان کے علاقے مچھ میں نامعلوم افراد نے دھماکا خیز مواد سے ہائی پریشر گیس پائپ لائن کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا، جس کے باعث صوبے کے مختلف اضلاع میں گیس کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ 18 انچ قطر کی پائپ لائن اڑا دیے جانے کے بعد کوئٹہ، پشین، کچلاک، زیارت، مستونگ اور قلات سمیت کئی علاقوں میں گیس سپلائی شدید متاثر ہوئی ہے۔

سوئی سدرن گیس کمپنی کے جی ایم راحیل ملک نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ صبح تقریباً پانچ بجے مچھ کے مقام پر ہائی پریشر ٹرانسمیشن لائن میں رپچر ہوا۔ کمپنی کے مطابق، عارضی طور پر 12 انچ کی دوسری لائن کے ذریعے سپلائی جاری ہے، تاہم اس میں پریشر انتہائی کم ہے، جس کے باعث متعدد علاقوں میں مکمل بندش کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پشین، زیارت، کچلاک، مستونگ اور قلات میں گیس مکمل طور پر معطل ہے، جبکہ کوئٹہ کے سریاب، مشرقی بائی پاس، نواں کلی اور پشتون آباد میں بھی سپلائی بند ہے۔ کمپنی کے عملے نے متاثرہ مقام پر پہنچ کر جائزہ لیا ہے؛ تاہم سیکورٹی کلیئرنس نہ ملنے کے باعث مرمتی کام فوری طور پر شروع نہیں کیا جاسکا۔

راحیل ملک نے بتایا کہ اس سال نومبر میں سردی معمول سے زیادہ ہے، جبکہ گیس چوری میں اضافہ بھی پریشر میں کمی کی اہم وجہ ہے۔ اُن کے مطابق، صوبے میں 80 فیصد کے قریب گیس چوری کی جارہی ہے، جس سے نظام پر اضافی دباؤ پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کی ٹیمیں چوری کے خلاف مسلسل کارروائیاں کر رہی ہیں اور میڈیا سے بھی اپیل ہے کہ عوام کو گیس چوری کے نقصانات سے آگاہ کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گیس لوڈشیڈنگ وفاقی حکومت کی پالیسی کے تحت کی جارہی ہے، اس حوالے سے اجلاس جاری ہیں اور جلد مثبت پیشرفت کی امید ہے۔ کمپنی کی کوشش ہے کہ کم از کم کھانے کے اوقات میں شہریوں کو گیس فراہم کی جاسکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

About the Author

Quetta Voice is an English Daily covering all unfolding political, economic and social issues relating to Balochistan, Pakistan's largest province in terms of area. QV's main focus is on stories related to education, promotion of quality education and publishing reports about out of school children in the province. QV has also a vigilant eye on health, climate change and other key sectors.