سپورٹس ڈیسک ،
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بی ایس ایل-3 ایونٹ کے تحت خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان ایک تاریخی نمائشی میچ کا انعقاد کیا گیا، جس میں بلوچستان-11 اور کوئٹہ-11 کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ یہ ایونٹ خواتین کو کھیلوں میں متحرک کرنے اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے مقصد سے منعقد کیا گیا تھا۔
نمائشی میچ سے قبل بلوچ ثقافت کی خوبصورت جھلک پیش کی گئی، جس میں روایتی رقص اور موسیقی شامل تھی، جس نے شرکاء کو خوب محظوظ کیا۔
بلوچستان بھر سے منتخب خواتین کھلاڑیوں پر مشتمل دونوں ٹیموں نے میدان میں بہترین کارکردگی دکھائی۔ میچ سنسنی خیز لمحات سے بھرپور رہا اور آخرکار بلوچستان-11 نے کوئٹہ-11 کو شکست دے دی۔ میچ کے اختتام پر کھلاڑیوں اور آفیشلز میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
کھلاڑیوں نے ایونٹ کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ قدم خواتین کے لیے حوصلہ افزا ہے۔ ایک کھلاڑی نے کہا:
"ہم آرمی اور ایف سی کے مشکور ہیں کہ ہمیں اتنے اچھے ماحول میں میچ کھیلنے کا موقع ملا۔”
ایک اور کھلاڑی نے کہا:
"بلوچستان میں یہ خواتین کے لیے پہلی بار ایونٹ منعقد ہوا، اور ہم اس پر بے حد خوش ہیں۔”
بی ایس ایل کی منتظمین نے کہا کہ آئندہ بھی خواتین کے لیے ایسے ایونٹس کا انعقاد کیا جاتا رہے گا تاکہ بلوچستان کی باصلاحیت خواتین کو کھیل کے میدان میں آگے آنے کا موقع ملے۔