سٹاف رپورٹر: کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) صوبائی وزیر آبپاشی صادق عمرانی نے خبردار کیا ہے کہ دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے کی صورت میں بلوچستان کے اضلاع جعفرآباد، اوستہ محمد اور صحبت پور سمیت ملحقہ علاقے متاثر ہوسکتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ 2 اور 3 ستمبر کو سیلابی پانی بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
وزیر آبپاشی کے مطابق صوبائی حکومت صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور سندھ حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر محکمہ آبپاشی نے 16 مقامات پر فلڈ کنٹرول مراکز قائم کر دیے ہیں جہاں ضروری مشینری اور عملہ تعینات کر دیا گیا ہے۔
اسی حوالے سے ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے، جہاں زیب خان نے نصیر آباد میں کیمپ آفس قائم کردیا ہے تاکہ صورتحال کو براہِ راست مانیٹر کیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ سے متصل تین اضلاع میں محفوظ مقامات کی نشاندہی مکمل کرلی گئی ہے، جہاں ضرورت پڑنے پر متاثرہ آبادی کو منتقل کیا جائے گا۔
صوبائی حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں حکومتی اداروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ قیمتی جانوں اور املاک کو محفوظ بنایا جاسکے