کوئٹہ (سٹاف رپورٹر) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں قمبرانی روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں نجی کمپنی کا سیکیورٹی گارڈ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ کیچی بیگ تھانے کی حدود میں پیش آیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے اچانک فائرنگ کی اور چند ہی لمحوں میں موقع سے فرار ہو گئے۔ مقتول کی لاش سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دی گئی ہے، جہاں ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کی جائے گی۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔