کوئٹہ: بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے مقامی اخبار اولس نیوز کے چیف ایڈیٹر اور یوٹیوبر آغا عبید کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
بی یو جے کے صدر منظور احمد رند، جنرل سیکرٹری شاہ حسین ترین اور کابینہ کے دیگر ارکان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ محکمہ ایکسائز سے متعلق ایک ویڈیو سامنے آنے کے بعد آغا عبید کے خلاف کارِ سرکار میں مداخلت سمیت دیگر الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، جس سے یہ تاثر پیدا ہوتا ہے کہ صحافی کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ معاملے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور آغا عبید کو اپنے دفاع اور صفائی کا پورا قانونی حق فراہم کیا جائے۔
بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے صوبائی وزیر ایکسائز محمد خان لہڑی، محکمہ داخلہ بلوچستان کے اعلیٰ حکام اور سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں اور انصاف کے تقاضوں کو یقینی بنائیں۔
بی یو جے نے واضح کیا ہے کہ اگر محکمہ ایکسائز کے اہلکاروں کے پاس کوئی ثبوت موجود ہیں تو انہیں شفاف طریقے سے سامنے لایا جائے، جبکہ کسی بھی قسم کے امتیازی یا انتقامی کارروائی سے گریز کیا جائے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس معاملے میں قانون اور انصاف کو ہر صورت مقدم رکھا جائے۔







