نیوزڈیسک
کویٹہ — وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) بلوچستان زون نے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے چمن اور تفتان میں چھاپوں کے دوران آٹھ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار افراد کی شناخت عزیز اللہ، حضرت ولی، زین اللہ، ملا داد، عبدالرؤف، محمد اشرف، عبید اللہ اور عباد الہادی کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کر رہے تھے جو مالیاتی اور منی لانڈرنگ قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
کارروائی کے دوران ایف آئی اے حکام نے بڑی مقدار میں ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کی، جس میں 99 لاکھ 9 ہزار پاکستانی روپے اور 218 کروڑ 40 لاکھ ایرانی ریال شامل ہیں۔ ملزمان برآمد شدہ رقوم کے ذرائع سے متعلق حکام کو تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں تاکہ نیٹ ورک کے دائرہ کار اور سرحد پار حوالہ ہنڈی سرگرمیوں سے ممکنہ روابط کا تعین کیا جا سکے۔ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے مزید چھاپے متوقع ہیں۔
ایف آئی اے نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بلوچستان بھر میں مالی جرائم کے خاتمے اور کرنسی ایکسچینج و منی لانڈرنگ قوانین کے سخت نفاذ کو یقینی بنایا جائے گا۔







