نمائندہ خصوصی : وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجہ کی ہدایت پر تفتان سرکل کی ٹیم نے کارروائی کی، جس کے دوران ملزمان کو چاغی اور نوشکی کے مختلف علاقوں سے حراست میں لیا گیا۔ گرفتار افراد میں محمد نواز، محمد خان اور سید محمد شامل ہیں۔
کارروائی کے دوران 13 کروڑ 50 لاکھ (1350 ملین) سے زائد ایرانی ریال، 8 لاکھ سے زیادہ پاکستانی روپے، 180 امریکی ڈالر اور بنگلہ دیشی ٹکہ برآمد کیے گئے۔ اس کے علاوہ 3 اے ٹی ایم کارڈز، 5 پاکستانی پاسپورٹس اور 12 رجسٹر بھی قبضے میں لیے گئے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں سرگرم تھے اور برآمد ہونے والی رقم کے حوالے سے تسلی بخش وضاحت دینے میں ناکام رہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔