نیوز ڈیسک:
کوئٹہ: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) بلوچستان زون نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی کے کاروبار میں ملوث منظم گینگ کے دو افراد کو گرفتار کر لیا۔ ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کی ٹیم نے کارروائی کے دوران جنید اور عبدالرزاق نامی ملزمان کو حراست میں لیا، جن کے قبضے سے 3 کروڑ 30 لاکھ ایرانی ریال اور دو موبائل فون برآمد ہوئے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار افراد افغانستان، دبئی اور آسٹریلیا سے غیر قانونی ذرائع سے رقوم کی ترسیل کرتے تھے اور ایک بین الاقوامی نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔ ملزمان حوالہ ہنڈی کے ذریعے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں سرگرم تھے اور برآمد شدہ رقم کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے۔
ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ ان کے مزید ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں