اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں جمعہ کے روز دو دھماکہ خیز مواد سے بھرے ڈرون کو ناکارہ بنا دیا گیا، جس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی سخت کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق ایک ڈرون فائزآباد کے قریب جبکہ دوسرا اسلام آباد کے آئی نائن سیکٹر میں گر کر تباہ ہوا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں ڈرون دھماکہ خیز مواد سے لیس تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ امکان ہے کہ یہ ڈرون ہمسایہ ملک افغانستان سے چھوڑے گئے ہوں، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
واقعے کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے دونوں مقامات کو گھیرے میں لے کر ڈرون کے ملبے کا معائنہ شروع کر دیا تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کرنے لگیں کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کا سلسلہ عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ یہ افواہیں اس وقت پھیلیں جب پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے ایک مختصر بیان جاری کیا گیا جس میں آپریشنل ایڈجسٹمنٹ کا ذکر تھا، تاہم بعد میں یہ بیان حذف کر دیا گیا۔
بعد ازاں اتھارٹی نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی فضائی حدود بند ہونے سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں اور ایئرپورٹ پر تمام پروازیں معمول کے مطابق اپنے شیڈول کے تحت جاری ہیں۔
حکام کے مطابق واقعے کے بعد وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ ڈرون واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔






