نمائندہ مچھ
بلوچستان کے علاقے مچھ اور آبِ گم کے درمیان ریلوے ٹریک پر پیر کی صبح ایک زور دار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ریلوے ملازم زخمی ہو گیا جبکہ ٹریک کو جزوی نقصان پہنچا۔
ریلوے حکام کے مطابق دھماکہ اُس وقت ہوا جب ریلوے کی معمول کی گشتی ٹیم ٹریک کی جانچ کر رہی تھی۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے ملازم کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) کو بھی موقع پر طلب کر لیا گیا تاکہ دھماکے کی نوعیت اور مزید ممکنہ خطرات کا جائزہ لیا جا سکے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹریک کو ہونے والا نقصان معمولی نوعیت کا ہے اور جلد مرمت کر کے ٹرینوں کی آمدورفت بحال کر دی جائے گی۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ کسی بھی گروہ نے تاحال اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
بلوچستان میں اس سے قبل بھی ریلوے تنصیبات کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، جس کے باعث سیکیورٹی ادارے ہمہ وقت الرٹ رہتے ہیں۔