قسیم شاہ : کوئٹہ:
عدالت عالیہ بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضلع کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے جامع انتظامات شروع کر دیے ہیں۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق، بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں، ووٹرز اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے ووٹ کا اندراج متعلقہ وارڈ کی انتخابی فہرستوں میں چیک کریں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ووٹ کے اندراج، منتقلی، اخراج یا درستگی کے لیے شہری ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کوئٹہ کے دفتر سے رجوع کر سکتے ہیں۔ ترجمان کے مطابق انتخابی فہرستوں کی تیاری مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کا باضابطہ شیڈول جاری کرے گا۔
الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 39 کے تحت، نوٹیفکیشن کے اجراء کے بعد کسی بھی ووٹ کے اندراج، ٹرانسفر یا درستگی کی اجازت نہیں ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ بروقت اپنی انتخابی معلومات کی تصدیق کریں تاکہ ووٹنگ کے عمل میں بھرپور طور پر حصہ لے سکیں







