نیوز ڈیسک : افغانستان کے مشرقی صوبوں کنڑ اور ننگرہار میں شدید زلزلے نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں 800سے زیادہ افراد جاں بحق اور 1500 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
افغان وزارت داخلہ کے مطابق سب سے زیادہ جانی نقصان صوبہ کنڑ میں ہوا، جہاں 800 سے زائد افراد ہلاک اور تقریباً 1300 زخمی ہوئے۔ ننگرہار سے بھی 12 اموات اور 255 زخمیوں کی اطلاع ملی ہے۔ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں بڑی تعداد میں مکانات گر گئے ہیں۔
وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے مقامی حکام اور سکیورٹی اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں اور متاثرہ آبادی کو ہر ممکن مدد فراہم کریں۔
یاد رہے کہ افغانستان کئی فالٹ لائنز پر واقع ہے جہاں انڈین اور یوریشین ٹیکٹونک پلیٹیں ملتی ہیں، اسی وجہ سے یہ ملک اکثر زلزلوں کی زد میں رہتا ہے۔ سنہ 2022 میں بھی مشرقی افغانستان میں 5.9 شدت کے زلزلے سے ایک ہزار سے زیادہ افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
ماہرین کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب آنے والے حالیہ زلزلے کی شدت 6.0 تھی اور اس کی گہرائی آٹھ کلومیٹر سے بھی کم تھی، جو زیادہ تباہی کا سبب بنی۔ کمزور اور کچے مکانات نے جانی نقصان میں مزید اضافہ کیا ہے