سٹاف رپورٹر:
نیشنل پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے 18ویں آئینی ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ کے تحفظ سے متعلق حالیہ مؤقف کو مثبت اور دوررس قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ اصلاحات صوبوں کو بااختیار بنانے، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور وفاقی ڈھانچے کو مستحکم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔
جاری کردہ بیان میں ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ 18ویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ طویل سیاسی جدوجہد، بین الجماعتی اتفاق رائے اور جمہوری عمل کا نتیجہ ہیں، جنہوں نے قومی اکائیوں کے درمیان اعتماد کو مضبوط کیا اور صوبوں کو سیاسی و معاشی سطح پر مستحکم بنیاد فراہم کی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ان آئینی اصلاحات کو کمزور کرنے کی کسی بھی کوشش سے وفاق اور صوبوں کے تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں۔ موجودہ سیاسی و معاشی حالات میں، ان کے مطابق، تمام جمہوری قوتوں کو آئین کی بالادستی، پارلیمان کے اختیار اور صوبائی خودمختاری کے تحفظ کے لیے متحد ہونا ہوگا۔
ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے واضح کیا کہ نیشنل پارٹی ہر سطح پر صوبوں کے آئینی حقوق، وسائل پر اختیار اور بااختیار مقامی حکمرانی کے لیے اپنا مؤقف برقرار رکھے گی، کیونکہ مضبوط صوبے ہی ایک مضبوط اور معاشی طور پر مستحکم پاکستان کی ضمانت ہیں






