کراچی: بلوچستان کے معروف، متحرک اور تجربہ کار ماہر امراض جلد، ڈاکٹر عرفان اللہ خان ترین کو پاکستان ایسوسی ایشن آف ڈرمیٹولوجسٹ (پی اے ڈی) کا صدر ایک سالہ مدت کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔
پاکستان ایسوسی ایشن آف ڈرمیٹولوجسٹ کانفرنس اصل میں اکتوبر میں کوئٹہ میں منعقد ہونے والی تھی لیکن سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر ملتوی کر دی گئی تھی۔ بعد ازاں یہ تین روزہ کانفرنس کامیابی کے ساتھ کراچی میں 12 تا 14 دسمبر منعقد کی گئی۔
کانفرنس کے دوران مختلف سائنسی سیشنز کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر کے ماہرین امراض جلد نے تحقیقی مقالے، طبی تجربات اور جدید پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
کانفرنس کے اختتام پر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے لیے انتخابات کرائے گئے، جس میں ڈاکٹر عرفان اللہ خان ترین صدر کے عہدے پر منتخب ہوئے۔ یہ انتخاب ان کی پیشہ ورانہ خدمات کا اعتراف اور بلوچستان کے طبی شعبے کے لیے فخر کا لمحہ تصور کیا جا رہا ہے۔
ساتھیوں اور شرکاء نے اعتماد ظاہر کیا کہ ان کی قیادت میں ایسوسی ایشن مضبوط ہوگی اور ملک بھر کے ماہرین امراض جلد کے درمیان تحقیق، تربیت اور پیشہ ورانہ تعاون کو فروغ ملے گا۔







