سٹاف رپورٹر
ڈی آئی خان میں دہشت گردی اور امن و امان کی صورتحال ایک بار پھر تشویشناک ہوگئی جب اسلام آباد سے کوئٹہ جانے والی ایک نجی تعمیراتی کمپنی کے 11 ملازمین کو دوماندہ پل کے قریب اغوا کر لیا گیا۔
محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے مطابق، متاثرہ ملازمین تین گاڑیوں میں سفر کر رہے تھے جب انہیں دوماندہ پل کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے روکا اور زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں 6 مغوی ملازمین کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ تاہم، باقی 5 ملازمین اور اغوا کاروں کی تلاش تاحال جاری ہے۔
حکام کے مطابق، اغوا کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے مشترکہ ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جو ملزمان کی گرفتاری اور باقی مغویوں کی بازیابی کے لیے کوشاں ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق اغوا کار جدید اسلحے سے لیس تھے اور واردات کے بعد قریبی پہاڑی علاقوں کی طرف فرار ہو گئے۔