کوئٹہ (ویب ڈیسک) بلوچستان میں صحت کی سہولیات کی فراہمی میں غفلت اور ناقص کارکردگی پر محکمہ صحت نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے آٹھ اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز (ڈی ایچ اوز) کو معطل کر دیا ہے۔
محکمہ صحت بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق معطل ہونے والے افسران کا تعلق ضلع چاغی، کچھی، جھل مگسی، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، سی، ڈیرہ بگٹی اور قلعہ عبداللہ سے ہے۔
ان افسران کو صحت عامہ کی خدمات میں رکاوٹ، فرائض میں غفلت اور کارکردگی کے معیار پر پورا نہ اترنے کی بنیاد پر معطل کیا گیا۔ نوٹیفکیشن میں یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی ڈی ایچ اوز فوری طور پر عارضی چارج سنبھالیں تاکہ صحت کی سہولیات کا تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔
یہ اقدام بلوچستان میں عوامی صحت کے نظام کو بہتر بنانے اور جوابدہی کے کلچر کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔