سیدقسیمشاہ
کوئٹہ بلوچستان حکومت نے ضلع لسبیلہ میں واقع تاریخی ہنگلاج ماتا مندر کو عالمی سیاحتی مقام (World Tourism Site) قرار دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ اعلان وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور سینیٹر دنیش کمار کی ملاقات کے دوران کیا گیا۔
ہنگلاج ماتا مندر ہندو برادری کا ایک مقدس اور روحانی مقام ہے جہاں ہر سال لاکھوں زائرین آتے ہیں۔ حکومت کا یہ اقدام مذہبی سیاحت کو فروغ دینے اور بلوچستان کا مثبت تشخص دنیا کے سامنے لانے کی ایک اہم کوشش ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کے مقدس مقامات کی ترقی و حفاظت کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، اور آئندہ بجٹ میں مندر کی تزئین و آرائش کے لیے خصوصی فنڈز مختص کیے جائیں گے۔
سینیٹر دنیش کمار نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقلیتوں کے اعتماد اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کی جانب اہم قدم ہے۔