کوئٹہ : کوئٹہ میں جعلی مشروبات کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے بڑی مقدار میں جعلی روح افزا اور جامِ شیریں ضبط کر لی گئی۔ یہ کارروائی سیٹلائٹ ٹاؤن کے بریچ مارکیٹ اور اولڈ فروٹ مارکیٹ میں خفیہ اطلاع پر کی گئی، جہاں ایک غیر قانونی ذخیرہ اور سپلائی یونٹ بے نقاب ہوا۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ جعلی مشروبات پشاور سے بلٹی سسٹم کے ذریعے کوئٹہ منتقل کیے جا رہے تھے۔ حکام کے مطابق سپلائی چین کے مرکزی ذرائع اور ذمہ دار عناصر تک پہنچنے کے لیے تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔
ضبط کی گئی جعلی اشیاء معروف کمپنیوں کے نام استعمال کر کے کوئٹہ شہر اور دیگر علاقوں میں سپلائی کی جانی تھیں، جس سے عوامی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے تھے۔
ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ عوامی صحت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور غیر معیاری و جعلی مصنوعات فروخت کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ رمضان المبارک کے پیش نظر خصوصی ٹاسک شروع کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ملاوٹ اور جعلسازی میں ملوث عناصر کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے۔ رمضان کے دوران نگرانی مزید سخت کی جائے گی اور انسپیکشن ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں متحرک رہیں گی۔
ڈی جی بی ایف اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صرف مستند برانڈز خریدیں، خریداری کی رسید ضرور حاصل کریں اور کسی بھی مشکوک یا غیر معیاری مصنوعات کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔







