کوئٹہ (7 اکتوبر): وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے کا سب سے بڑا مسئلہ امن و امان یا نام نہاد شورش نہیں بلکہ کرپشن ہے، جس نے اداروں کی ساکھ، معاشرتی ڈھانچے اور عوام کے اعتماد کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کرپشن کا خاتمہ نہیں ہوگا، صوبے میں ترقی، انصاف اور بہتر طرزِ حکمرانی ممکن نہیں۔

وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز (بیوٹمز) میں انسدادِ کرپشن ڈے کے موقع پر بین الیونیورسٹیز اسپورٹس فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں مشیر کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ، ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان نعمان اسلم اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ نے بھی شرکت کی۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کی سیکیورٹی فورسز امن و امان کے چیلنجز سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں، تاہم صوبے کے حقیقی مسائل کی جڑ بدعنوانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے شفافیت اور احتساب کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ اور دیگر محکموں میں مؤثر اصلاحات متعارف کرائی ہیں تاکہ ادارہ جاتی دیانت داری کو فروغ دیا جا سکے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کے دورِ حکومت میں احتساب کے عمل کو سیاسی اثرورسوخ سے پاک رکھا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلی بار ایک اعلیٰ افسر نے اپنے ہی بھائی کے خلاف انکوائری رپورٹ تیار کی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت کسی دباؤ یا رشتہ داری سے بالا تر ہوکر کام کر رہی ہے۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ جھوٹے پروپیگنڈے کا حصہ بننے کے بجائے تحقیق، تعلیم اور خدمت کے ذریعے ملک و قوم کی ترقی میں کردار ادا کریں۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ کرپشن صرف مالی بدعنوانی نہیں بلکہ ذمہ داریوں سے غفلت اور عوامی اعتماد کی خلاف ورزی بھی کرپشن کے زمرے میں آتی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر نوجوان کرپشن کے خلاف متحد ہو جائیں تو ایک صاف، شفاف اور مضبوط بلوچستان کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔ انہوں نے اسپورٹس فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر مشیر کھیل مینا مجید بلوچ، سیکرٹری درا بلوچ اور بیوٹمز انتظامیہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت مثبت سرگرمیوں کے تسلسل کو جاری رکھے گی تاکہ نوجوانوں میں نظم و ضبط، ٹیم ورک اور دیانت داری کا جذبہ پروان چڑھ سکے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

About the Author

Quetta Voice is an English Daily covering all unfolding political, economic and social issues relating to Balochistan, Pakistan's largest province in terms of area. QV's main focus is on stories related to education, promotion of quality education and publishing reports about out of school children in the province. QV has also a vigilant eye on health, climate change and other key sectors.