کوئٹہ (ویب ڈیسک) — بلوچستان حکومت نے کم عمر قیدیوں کی اصلاح و تربیت کے لیے علیحدہ جیل قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ جیل خانہ جات کے مطابق کوئٹہ میں نو عمر قیدیوں کے لیے نئی جیل تعمیر کی جائے گی، جس پر 75 کروڑ روپے لاگت آئے گی اور اس منصوبے پر جلد کام شروع کیا جائے گا۔
محکمہ جیل کے حکام نے بتایا کہ سریاب روڈ پر عارضی جیل قائم کی جائے گی، جہاں کم عمر قیدیوں کو منتقل کیا جائے گا جب تک مستقل جیل کی تعمیر مکمل نہیں ہوتی۔
مزید بتایا گیا کہ مجوزہ ماڈل جیل میں اسکول اور ہنر سکھانے کے مراکز بھی قائم کیے جائیں گے تاکہ نو عمر قیدیوں کو تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
حکومتی ذرائع کے مطابق یہ منصوبہ صوبے میں اصلاحی نظامِ انصاف کو مضبوط بنانے اور نوجوان قیدیوں کی بحالی کے عمل کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔







