راولپنڈی، 10 اگست 2025 – پاک فوج کے سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، این آئی (ایم)، امریکا کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں انہوں نے اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقاتیں کیں۔
ٹامپا میں آرمی چیف نے امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے سبکدوش کمانڈر جنرل مائیکل ای کرلا کی ریٹائرمنٹ تقریب اور نئے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر کے چارج سنبھالنے کی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے جنرل کرلا کی قیادت اور پاک–امریکا دفاعی تعاون کے فروغ میں خدمات کو سراہا اور ایڈمرل کوپر پر اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
جنرل منیر نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین سے ملاقات کی اور انہیں پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ اس موقع پر انہوں نے دوست ممالک کے دفاعی سربراہان سے بھی تبادلہ خیال کیا۔
امریکا میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں فیلڈ مارشل نے انہیں پاکستان کے روشن مستقبل پر یقین رکھنے اور سرمایہ کاری کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔ کمیونٹی نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنے تعاون کے عزم کا اعادہ کیا