نیوز ڈیسک:
راولپنڈی، 12 مئی 2025: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نشانِ امتیاز (ملٹری) نے پیر کے روز کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مارکہِ حق المعروف آپریشن بنیان مرصوص کے دوران زخمی ہونے والے فوجی اہلکاروں اور بے گناہ شہریوں کی عیادت کی۔
آرمی چیف نے انفرادی طور پر زخمی اہلکاروں سے ملاقات کی، ان کی بہادری، عزم اور فرض شناسی کو سراہا، اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج ان کے علاج، بحالی اور فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔
جنرل عاصم منیر نے کہا، “ہمارے شہریوں اور سپاہیوں کی قربانیاں پاکستان کی سلامتی کی بنیاد ہیں، پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ہر جوان کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کے عزم کو کوئی دشمن قوت متزلزل نہیں کر سکتی۔ آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران قوم اور افواج نے جو اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کیا، وہ ملکی تاریخ کا ایک ناقابلِ فراموش باب ہے۔
یہ دورہ اس امر کا مظہر ہے کہ پاک فوج اپنی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ اپنے سپاہیوں اور شہریوں کی فلاح کو بھی اولین ترجیح دیتی ہے، جو ملک کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے قربانیاں دیتے ہیں