نیوز ڈیسک
کوئٹہ:
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں حکومت بلوچستان کی جانب سے ای گورننس کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر محکمہ داخلہ بلوچستان نے جدید الیکٹرانک فائلنگ ڈیش بورڈ کی تفصیلات جاری کر دی ہیں، جس کا مقصد سرکاری امور میں شفافیت، تیزی اور احتساب کو یقینی بنانا ہے۔
ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ بلوچستان حمزہ شفقات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں بتایا کہ نئے ڈیجیٹل سسٹم کے تحت ہر فائل کی نقل و حرکت کو حقیقی وقت (ریئل ٹائم) میں مانیٹر کیا جا سکتا ہے۔ اس جدید نظام کے ذریعے یہ واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ فائل کس افسر کے پاس ہے، کتنے عرصے سے زیر التوا ہے اور کتنی فائلیں پراسیس میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک فائلنگ ڈیش بورڈ کے نفاذ کے بعد تاخیر کو چھپانا ممکن نہیں رہا کیونکہ سسٹم مکمل ڈیٹا محفوظ کرتا ہے اور جہاں رکاوٹ ہو اسے نمایاں کر دیتا ہے۔ اس اقدام سے محکمہ داخلہ بلوچستان میں غیر ضروری تاخیر میں نمایاں کمی آئی ہے جبکہ شہریوں کو فیصلوں میں تیزی کا براہ راست فائدہ پہنچ رہا ہے۔
حمزہ شفقات کے مطابق صرف دو ماہ کے اندر داخلی جائزوں میں محکمہ کی کارکردگی میں 150 فیصد بہتری ریکارڈ کی گئی ہے، جو ای گورننس اصلاحات کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔
حکومت بلوچستان کے اس اقدام کو شفافیت، ڈیجیٹل گورننس اور سرکاری کارکردگی بہتر بنانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔







