سٹاف رپورٹر

کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مقابلے کے امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے والے نو منتخب سول افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان افسران کو صوبے میں گڈ گورننس، شفافیت اور عوامی خدمت کے جذبے کے تحت کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ افسران کو اختیار کو طاقت کے بجائے خدمت کا ذریعہ سمجھنا چاہیے۔

میر سرفراز بگٹی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان افسران دیانت داری، خلوص نیت اور تندہی کے ساتھ عوامی مسائل کے حل کے لیے سرگرم عمل ہوں، کیونکہ یہی رویہ حقیقی کامیابی کی ضمانت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران بہتر مالی نظم و نسق کی بدولت حکومت بلوچستان نے 14 ارب روپے کی بچت کی، جو ایک اہم کامیابی ہے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں فنڈز کے 100 فیصد بروقت اور درست استعمال سے کئی منصوبے کامیابی سے مکمل کیے گئے۔

میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ پینشن اصلاحات کے ذریعے مالی بوجھ کو کم کرنے کی حکمت عملی اپنائی گئی ہے تاکہ مستقبل میں مالی پائیداری ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پالیسیاں بناتی ہے جبکہ انتظامیہ ان پر مؤثر عملدرآمد کی ذمہ دار ہے، اس لیے دونوں کا کردار اہم اور باہمی ہم آہنگی کا متقاضی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ غیر متوازن ترقی نہیں بلکہ کچھ عناصر کی ملک دشمن سوچ ہے، جو معاشرے کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے نوجوان نسل کو تلقین کی کہ وہ تاریخی حقائق سے آگاہی حاصل کریں اور تصور و حقیقت کے فرق کو سمجھ کر معاشرے کی مثبت رہنمائی کریں۔

آخر میں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کو مسائل کی دلدل سے نکالنے، امن، ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ نوجوان افسران صوبے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں اگر وہ نیک نیتی اور قومی جذبے سے سرشار ہوں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

About the Author

Quetta Voice is an English Daily covering all unfolding political, economic and social issues relating to Balochistan, Pakistan's largest province in terms of area. QV's main focus is on stories related to education, promotion of quality education and publishing reports about out of school children in the province. QV has also a vigilant eye on health, climate change and other key sectors.