بوسان (جنوبی کوریا) 30 اکتوبر — چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین اور امریکا کی اقتصادی و تجارتی ٹیموں کے درمیان گہرے مذاکرات کے بعد متعدد معاملات پر اتفاق رائے طے پا گیا ہے۔

صدر شی نے یہ بات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے دوران کہی، جو بوسان میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اے پی ای سی) کے 32ویں سربراہی اجلاس میں شرکت اور جنوبی کوریا کے سرکاری دورے کے سلسلے میں پہنچے ہیں۔
شی جن پنگ نے کہا کہ اقتصادی و تجارتی تعاون کو چین امریکا تعلقات کی بنیاد اور قوتِ محرکہ ہونا چاہیے، نہ کہ تنازع یا کشیدگی کا باعث۔
انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کو طویل المدتی مفادات اور باہمی تعاون پر توجہ دینی چاہیے اور جوابی اقدامات کے منفی چکر سے گریز کرنا چاہیے۔
چینی صدر نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کی مذاکراتی ٹیموں کو چاہیے کہ اختلافات کم کریں اور تعاون کے نئے شعبے وسعت دیں، جو برابری، احترام اور باہمی فائدے کے اصولوں پر مبنی ہوں۔







