سٹاف رپورٹر
کوئٹہ انسدادِ منشیات کے عالمی دن کے موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایک پیغام میں منشیات کے خلاف اجتماعی جدوجہد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک سنگین سماجی مسئلہ ہے، جس کے خاتمے کے لیے حکومت اور معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ منشیات کے استعمال اور اس کے پھیلاؤ کو روکنا ہماری نوجوان نسل کے محفوظ اور روشن مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بلوچستان حکومت اس ناسور کے خلاف ایک جامع حکمتِ عملی کے تحت بھرپور کارروائی کر رہی ہے۔
میر سرفراز بگٹی کے مطابق، موجودہ صوبائی حکومت نے صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا اینٹی نارکوٹکس آپریشن کامیابی سے انجام دیا ہے، جس کے نتیجے میں گزشتہ ایک سال کے دوران پانچ ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر کاشت کی گئی پوست کی فصلیں تلف کی گئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نہ صرف منشیات کی پیداوار اور اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں، بلکہ نشے کے عادی افراد کی بحالی کے لیے بھی اہم اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے صوبے کے تمام اضلاع میں بحالی مراکز قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ متاثرہ افراد کو معاشرے کا کارآمد شہری بنایا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں حکومت کا ساتھ دیں اور منشیات سے پاک بلوچستان کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔