نیوز ڈیسک
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبے میں ٹراما سینٹرز کی فعالی اور طبی سہولیات میں بہتری سے متعلق پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر بخت محمد کاکڑ، چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکریٹری صحت مجیب الرحمن پانیزئی، سیکریٹری خزانہ لعل جان جعفر، پرنسپل سیکریٹری وزیر اعلیٰ عمران زرکون، سیکریٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان، مینیجنگ ڈائریکٹر ٹراما سینٹر ارباب کامران کاسی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران سیکریٹری صحت نے وزیر اعلیٰ کو کوئٹہ اسپینی روڈ پر نو تعمیر شدہ جدید ٹراما سینٹر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئے ٹراما مرکز میں استعداد کار میں نمایاں اضافہ، فوری علاج و معالجے کی جدید سہولیات، اور کلینیکل نیٹ ورک کی توسیع کی گئی ہے تاکہ ایمرجنسی حالات میں بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نئے تعمیر ہونے والے ٹراما سینٹر کو فوری طور پر فعال کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اسٹاف کی بھرتیوں میں میرٹ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس کو ٹراما سینٹر کے لیے درکار افرادی قوت میں اضافے اور بجٹ سے متعلق امور پر بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ عوامی خدمت اور صحت کی سہولیات کی بہتری صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے ٹراما سینٹر کی فعالی سے شہریوں کو بہترین اور فوری طبی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی، جس سے قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکے گا۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے شیخ زید ہسپتال کے ٹراما سینٹر کی تکمیل کا کام بھی جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔







