تربت، 9 ستمبر 2025 – چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس روزی خان بڑیچ نے واضح کیا ہے کہ عدلیہ میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور قوم، قبیلے یا برادری کی بنیاد پر کسی قسم کا امتیاز نہیں ہوگا۔
تربت میں جوڈیشل افسران سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ عدلیہ میں صرف دو طبقات ہیں: دیانتدار اور بدعنوان۔ انہوں نے دوٹوک اعلان کیا کہ بدعنوان افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ ایماندار اور محنتی افسران کو بھرپور سرپرستی اور انعامات دیے جائیں گے۔
چیف جسٹس روزی خان بڑیچ نے جوڈیشل افسران کے مسائل بھی خود سنے اور متعلقہ حکام کو فوری حل کے احکامات جاری کیے۔
اس تقریب میں جسٹس اقبال احمد کاسی، جسٹس سردار احمد حلیمی اور رجسٹرار بلوچستان ہائی کورٹ عبدالقیوم لہڑی بھی شریک تھے۔