ریاض بلوچ :
تحصیل چاغی میں نامعلوم شرپسندوں نے عوامی فلاح و بہبود کے ایک بڑے منصوبے کو نشانہ بناتے ہوئے 84 کروڑ روپے کی لاگت سے جاری واٹر سپلائی اسکیم کی پائپ لائن کو آگ لگا دی۔ اس منصوبے کا مقصد علاقے کے عوام کو گھروں تک صاف اور پینے کے قابل پانی فراہم کرنا تھا، جس سے ہزاروں افراد براہِ راست مستفید ہونا تھے۔ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ایکسیئن کے مطابق پائپ لائن کو نقصان پہنچانا عوام دشمنی ہے کیونکہ برسوں سے پانی کی قلت کے شکار لوگ اس سہولت کے منتظر تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نقصان کے تخمینے اور مرمت کے لیے درکار اخراجات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ حکومت کی ہدایت پر منصوبے کی بحالی کے اقدامات فوری طور پر شروع کر دیے گئے ہیں۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملوث عناصر کی تلاش کے لیے کارروائی تیز کر دی گئی ہے۔ مقامی لوگوں نے اس افسوسناک واقعے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ داروں کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی عوامی منصوبوں کو نقصان نہ پہنچا سکے