سید علی شاہ : کوئٹہ، ستمبر 2025ء
بلوچستان اسمبلی نے ایک مشترکہ قرارداد منظور کرلی ہے جس کے تحت امیدواروں کو پی سی ایس (پروونشل سول سروسز) امتحانات میں پانچ مواقع فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ صوبے کے طلبہ و طالبات کو روزگار کے بہتر مواقع میسر آسکیں۔
یہ قرارداد ارکان اسمبلی میر یونس عزیز زہری، زابد علی ریکی، اصغر علی ترین، سید ظفر علی آغا، روی پہوجہ، غلام دستگیر بادینی اور ڈاکٹر محمد نواز کبزئی نے پیش کی جسے ایوان نے کثرتِ رائے سے منظور کیا۔
قرارداد میں کہا گیا کہ بلوچستان کے ہونہار نوجوان محدود مواقع کی وجہ سے مقابلے کے امتحانات میں مشکلات کا شکار ہیں جبکہ پنجاب، سندھ اور دیگر صوبوں کے امیدواروں کو زیادہ سہولتیں دستیاب ہیں۔ ارکان نے کہا کہ بلوچستان کے طلبہ کو بھی برابر کے مواقع دینے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ پی سی ایس امتحانات کے پانچ مواقع دینا نہ صرف طلبہ کی صلاحیتوں کو آگے بڑھانے میں مددگار ہوگا بلکہ صوبے کی نوجوان نسل کے لیے روزگار کے دروازے بھی کھلیں گے۔
اسمبلی نے صوبائی حکومت اور متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ اس قرارداد پر فوری عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ بلوچستان کے طلبہ کو دیگر صوبوں کے برابر سہولتیں حاصل ہوسکیں اور صوبے کی ترقی میں نوجوان نسل اپنا کردار ادا کر سکے