سردار محمد خوندئ:
قلعہ عبداللہ (18 مئی 2025) — بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے گلستان بازار میں ہونے والے زور دار دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔ دھماکا جبار مارکیٹ کے قریب پیش آیا، جس کے باعث کئی دکانیں تباہ ہوگئیں اور آگ بھڑک اٹھی۔
ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ ریاض خان کے مطابق زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جب کہ شدید زخمیوں کو کوئٹہ ریفر کر دیا گیا ہے۔ علاقے میں صحت کی سہولیات کی کمی کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔
دھماکے کی جگہ فرنٹیئر کور (ایف سی) کے قلعے کے عقب میں واقع ہے۔ واقعے کے فوراً بعد نامعلوم مسلح افراد اور ایف سی اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔
زخمیوں میں قبائلی رہنما حاجی فیض اللہ خان غبیزئی کے محافظ اور راہگیر شامل ہیں۔ خوش قسمتی سے قبائلی رہنما خود محفوظ رہے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ دھماکے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے اور شہریوں نے سیکیورٹی اور طبی سہولیات بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔