کوئٹہ : سٹاف رپورٹر: بلوچستان بورڈ نے ایف اے/ایف ایس سی امتحانات میں نقل کی روک تھام کے لیے خصوصی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس حوالے سے چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (BBISE) محمد اسحاق کی جانب سے اہم مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔
مراسلے میں تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ڈی جی اینٹی کرپشن، اسٹیبلشمنٹ، ڈی جی اسپیشل برانچ سمیت تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ امتحانی مراکز کے دورے کے لیے اپنی ٹیمیں تشکیل دیں اور مانیٹرنگ کا عمل یقینی بنائیں۔
چیئرمین بلوچستان بورڈ نے واضح کیا ہے کہ امتحانات کے دوران نقل کرانے یا اس عمل میں معاونت کرنے والے عملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ شفاف امتحانی نظام کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی سطح پر چیک اینڈ بیلنس کا مؤثر نظام ضروری ہے۔
بلوچستان بورڈ کی جانب سے نقل کے خلاف جاری اس خصوصی مہم کا مقصد طلباء کے لیے ایک منصفانہ اور میرٹ پر مبنی تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ ان کی محنت اور قابلیت کا درست انداز میں تعین ہو سکے۔