حکومتِ بلوچستان نے محکمہ داخلہ کے ذریعے صوبے بھر میں ڈرونز، یو اے ویز، کوآڈ کاپٹرز، کیم کاپٹرز اور دیگر تمام ریموٹ کنٹرول فضائی آلات کے استعمال، قبضے اور آپریشن پر فوری طور پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق یہ پابندی سنگین سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر نافذ کی گئی ہے، جن میں نگرانی، جاسوسی، ممنوعہ اور دھماکہ خیز مواد کی ترسیل، خوف و ہراس پھیلانے اور امن و امان کی صورتحال کو متاثر کرنے کے خدشات شامل ہیں۔ محکمہ داخلہ نے واضح کیا کہ عوامی تحفظ کو یقینی بنانے، حساس تنصیبات، عوامی اجتماعات اور اہم شخصیات و قافلوں کی نقل و حرکت کے تحفظ کے لیے یہ فیصلہ ناگزیر تھا۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ نے ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144 کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے یہ پابندی نافذ کی ہے، جو فوری طور پر لاگو ہو گئی ہے اور تاحکمِ ثانی برقرار رہے گی۔

اعلامیے میں پولیس اور فرنٹیئر کور کو پابندی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ خلاف ورزی کی صورت میں دفعہ 188 تعزیراتِ پاکستان اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تمام ڈپٹی کمشنرز کو روزانہ کی بنیاد پر عمل درآمد سے متعلق رپورٹ محکمہ داخلہ کو ارسال کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ مجاز پولیس، فرنٹیئر کور اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے، جو سرکاری فرائض انجام دے رہے ہوں، اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

About the Author

Quetta Voice is an English Daily covering all unfolding political, economic and social issues relating to Balochistan, Pakistan's largest province in terms of area. QV's main focus is on stories related to education, promotion of quality education and publishing reports about out of school children in the province. QV has also a vigilant eye on health, climate change and other key sectors.