کوئٹہ: بلوچستان ہائی کورٹ نے کوئٹہ میں جاری اہم ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

چیف جسٹس محمد کامران خان ملاخیل کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے شہر کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق آئینی درخواست کی سماعت کی اور حکام سے پیش رفت رپورٹ طلب کر لی۔

سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پیکج برائے کوئٹہ کے تحت امداد چوک اور ملحقہ سڑکوں کی تعمیر اور بحالی کا کام جاری ہے۔

عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ گاہی خان چوک فلائی اوور منصوبہ 98 فیصد مکمل ہو چکا ہے جبکہ کسٹم فلائی اوور پر تعمیراتی کام تقریباً 4 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔

حکام نے عدالت کو بتایا کہ بعض مقامی زمینداروں کے مسائل کے باعث تعمیراتی کام میں رکاوٹیں پیش آئی ہیں۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو ہدایت کی کہ وہ اس معاملے کو جلد حل کریں تاکہ ترقیاتی کام متاثر نہ ہوں۔

بلوچستان ہائی کورٹ نے سریاب روڈ سروس کوریڈور کی تکمیل یقینی بنانے اور آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی بھی ہدایت کی۔

سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ عالمو چوک فلائی اوور منصوبے کو ون وے سے تبدیل کر کے ڈبل وے پل بنایا جا رہا ہے جبکہ اس کی فزیبلٹی اور ڈیزائننگ کا عمل جاری ہے۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو منصوبے کی منظوری اور تکمیل کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت دی۔

عدالت نے ہاکی چوک تا سریاب ریلوے کراسنگ زرغون روڈ کی تعمیر کے بعد نئی سڑکوں کے اطراف تجارتی سرگرمیوں اور نئی تعمیرات پر عائد پابندی برقرار رکھنے کا بھی حکم دیا۔

بلوچستان ہائی کورٹ نے کمشنر کوئٹہ اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو ہدایت کی کہ وہ عدالتی احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔

سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام نے عدالت کو بتایا کہ گیس لائن کی منتقلی سے متعلق مسائل حل کر لیے گئے ہیں۔

عدالت نے سرکاری افسران، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل اور درخواست گزار ایڈووکیٹ سید نذیر آغا کی کاوشوں کو سراہا۔

بلوچستان ہائی کورٹ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کوئٹہ کے تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے۔ کیس کی مزید سماعت 12 مارچ 2026 تک ملتوی کر دی گئی جبکہ حکم نامہ ایڈووکیٹ جنرل آفس کو ارسال کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

About the Author

Quetta Voice is an English Daily covering all unfolding political, economic and social issues relating to Balochistan, Pakistan's largest province in terms of area. QV's main focus is on stories related to education, promotion of quality education and publishing reports about out of school children in the province. QV has also a vigilant eye on health, climate change and other key sectors.