قسیم شاہ: کوئٹہ: حکومتِ بلوچستان نے سیکیورٹی خدشات اور امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر صوبے بھر میں 30 اگست اور 6 ستمبر کو 3G اور 4G موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ داخلہ بلوچستان نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق انٹرنیٹ سروسز کی معطلی پورے صوبے میں ہوگی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
انٹرنیٹ کی اچانک معطلی کے باعث طلبہ، تاجروں، کاروباری حضرات اور عام صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ آن لائن کلاسز لینے والے طلبہ پریشان ہیں جبکہ کاروباری لین دین اور روزمرہ معاملات بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ بار بار انٹرنیٹ بندش نہ صرف تعلیمی و تجارتی سرگرمیوں کو نقصان پہنچاتی ہے بلکہ صوبے کے عام شہریوں کی زندگیوں کو بھی مشکل بنا دیتی ہے۔