حکومت بلوچستان نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اسلحہ کی نمائش اور استعمال، موٹر سائیکل پر ڈبل سواری، کالے شیشوں والی گاڑیوں اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماعات پر بھی پابندی ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عوامی مقامات پر چہرہ ڈھانپنے، ماسک، مفلر یا کسی بھی ایسے ذریعے کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی جس سے شناخت میں رکاوٹ پیدا ہو۔
محکمہ داخلہ کے مطابق دفعہ 144 کا اطلاق یکم مارچ 2026 سے پورے صوبہ بلوچستان میں ایک ماہ کے لیے ہوگا، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔







