آصف کریم کھیتران، نیوز ڈیسک:
موسیٰ خیل (ویب ڈیسک) – بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں اتوار کی علی الصبح 5.5 شدت کا زلزلہ آیا جس کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد زخمی ہو گئے، جبکہ درجنوں کچے مکانات کو نقصان پہنچا۔
مقامی ذرائع کے مطابق زلزلے کے جھٹکے ضلع کے مختلف علاقوں، خصوصاً کنگری میں محسوس کیے گئے، جس کے باعث لوگ خوف و ہراس کے عالم میں گھروں سے باہر نکل آئے۔ زخمی افراد کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال موسیٰ خیل منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
زلزلے کے باعث متعدد کچے اور مٹی سے بنے مکانات کی دیواریں گر گئیں، جن سے جانی نقصان کا خطرہ مزید بڑھ گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے سروے شروع کر دیا گیا ہے۔
ضلعی حکام نے ہنگامی صورتحال نافذ کرتے ہوئے فوری امدادی کارروائیوں کی ہدایت جاری کی ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کچے مکانات سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ضلعی کنٹرول روم یا قریبی ریسکیو اداروں سے رابطہ کریں